نیشنل ڈیفنس فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ دینے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تجویز

   

ارکان اسمبلی اور کونسل کی جانب سے عطیہ کا فیصلہ
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندوستانی افواج کی کارروائیوں کی تائید میں نیشنل ڈیفنس فنڈ میں تلنگانہ کے ارکان اسمبلی اور کونسل کی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اِس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے بات چیت کی۔ بھٹی وکرامارکا نے چیف منسٹر کی تجویز پر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی و کونسل سے بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ایک ماہ کی تنخواہ نیشنل ڈیفنس فنڈ میں بطور عطیہ دینے کی منظوری حاصل کی جائے۔ دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ نیشنل ڈیفنس فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ کا عطیہ دیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اِس تجویز کا کانگریس کے تمام عوامی نمائندوں نے خیرمقدم کیا اور توقع ہے کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان اسمبلی بشمول چیف منسٹر اور وزراء اپنی ایک ماہ کی تنخواہ نیشنل ڈیفنس فنڈ میں بطور عطیہ پیش کریں گے۔ ارکان قانون ساز کونسل کی جانب سے عطیہ کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ بھی عطیہ کا اعلان کریں گے۔ ہند ۔ پاک کشیدگی میں اضافہ کے بعد تلنگانہ حکومت نے ریاست بھر میں چوکسی اختیار کرلی ہے۔ حیدرآباد میں دفاعی تنصیبات اور کنٹونمنٹ علاقوں کے اطراف سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے عوام کو باشعور بنانے ماک ڈرل کا اہتمام کیا گیا۔ حکومت نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ نظم و نسق کو کسی بھی ناگہانی کے لئے چوکس رکھا جائے۔1