166/4 کے جواب میں کیویز 167/5 ۔ نیشم اور میچل کی زبردست بیٹنگ
آج پاکستان ۔ آسٹریلیا سیمی فائنل
ابوظہبی : نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 5 وکٹ سے شکست دیکر آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ کیویز کی طرف سے آل راونڈر جیمس نیشم اور اوپنر ڈارل میچل نے آخری 3 اوورس میں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے اسکور 166/4 کو یکایک آسان ٹارگٹ میں تبدیل کردیا۔ نیوزی لینڈ نے ایک اوور قبل 167/5 کے ساتھ یادگار جیت درج کرائی جس نے یقینا ورلڈ کپ 2019ء کی تلخ یادوں کو بھولنے میں مدد کی ہوگی۔ 2019ء کے 50 اوورس کے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ نے انتہائی سنسنی خیز مقابلہ کے بعد تکنیکی اساس پر نیوزی لینڈ کو شکست دیکر عالمی خطاب جیتا تھا۔ آج یہاں کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر اوئن مورگن کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جاس بٹلر 29 پر آؤٹ ہوگئے۔ مڈل آرڈر میں معین علی نے 51 ناٹ آؤٹ اسکور کئے جبکہ ڈیوڈ ملان نے 41 رنز بنائے۔ جوابی اننگز میں کیویز کی شروعات اچھی نہیں ہوئی ۔ مارٹن گپٹل 4 اور کپتان ولیمسن 5 پر آؤٹ ہوگئے۔ ڈیوان کانوے نے 46 رنز بنائے۔ نیشم نے محض 11 گیندوں میں 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ میچل 47 گیندوں میں 72 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہیں مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ جمعرات کو دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل مقرر ہے (خبر صفحہ 7پر ) ۔