نئی دہلی، 06 جون (یوا ین آئی) سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشن (این بی ای) کو پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورسز میں داخلے کے لیے 15 جون کو ہونے والے قومی اہلیت مع داخلہ ٹیسٹ (نیٹ-پی جی) 2025 ایک ہی شفٹ میں 3 اگست کو منعقد کرنے کی اجازت دے دی۔جسٹس پرشانت کمار مشرا اور جسٹس آگسٹین جارج کی تعطیلی بنچ نے این بی ای کی درخواست پر یہ حکم دیا۔
عدالت نے اس ادارے کے دلائل کو تفصیل سے سننے کے بعد امتحان کی تاریخ میں توسیع کی درخواست منظور کر لی۔اس سے پہلے 30 مئی کو، جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس سنجے کمار اور جسٹس این وی انجاریا کی بنچ نے ادیتی اور دیگر کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ، این بی ای کو یہ داخلہ امتحان پہلے سے طے شدہ 2 جون کے بجائے 15 جون کو ایک ہی شفٹ میں منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر این بی ای امتحان کی تاریخ میں توسیع کی اجازت کے لیے اپیل کر سکتا ہے ۔عدالت عظمیٰ کے اس حکم کے بعد این بی ای نے امتحانی مراکز کی تعداد بڑھانے سمیت دیگر احتیاطی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے 3 جون کو درخواست کے ذریعے 3 اگست کو امتحان منعقد کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔