ریونت ریڈی کو رام موہن نائیڈو کا تیقن، عادل آباد ایرپورٹ کے تعمیری کاموں میں پیشرفت پر بات چیت
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تیقن دیا کہ ورنگل کے مامنور ایرپورٹ کی تقریب سنگ بنیاد ڈسمبر میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایر ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر پراجکٹ کیلئے ٹنڈرس اندرون دو ہفتے طلب کئے جائیں گے اور ڈسمبر تک ٹنڈرس کو قطعیت دی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں رام موہن نائیڈو سے ملاقات کی اور مامنور اور عادل آباد ایرپورٹس کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے وزارت شہری ہوا بازی سے خواہش کی کہ مامنور ایرپورٹ کے تعمیری کاموں کا جلد آغاز کیا جائے کیونکہ حکومت نے ایرپورٹ کیلئے اراضی کے حصول کا کام مکمل کرلیا ہے۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ عادل آباد کے مجوزہ ایرپورٹ پر کارگو اور پیسنجر ٹرمنل اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ رن وے کی تعمیر سے متعلق امور کی یکسوئی کیلئے وزارت دفاع کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کا اہتمام کرنے کی درخواست کی گئی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں ہیلی ٹورازم کو فروغ دینے کی درخواست کی اور ہیلی کاپٹرس کی اڑانوں کے ذریعہ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ وزارت شہری ہوابازی کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ حسین ساگر جھیل میں سی پلین (بحری طیاروں) کی لینڈنگ سے متعلق پراجکٹ رپورٹ اندرون دو ہفتے ریاستی حکومت کو پیش کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے رام موہن نائیڈو نے اپیل کی کہ تلنگانہ میں نئے ایرپورٹس کے قیام میں پیشرفت کی جائے۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ سریش شیٹکر ، انیل کمار یادو ، حکومت کے مشیر وینو گوپال ، چیف سکریٹری سنجے جاجو اور چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج موجود تھے۔ 1/k