وزیراعظم نے 41 ہزار کروڑ کے 2000 ریلوے پراجکٹس کو قوم کے نام معنون کیا

,

   

ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت 1800 کروڑ کے پراجکٹس، 15 اسٹیشنوں کی ترقی، 22 کروڑ سے بیگم پیٹ اسٹیشن کو عصری بنانے کا منصوبہ
بیگم پیٹ تقریب میں گورنر سوندرا راجن ، بھٹی وکرمارکا ، اور ڈاکٹر لکشمن کی شرکت

حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری(سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ملک کی مختلف ریاستوں میں 41,000 کروڑ مالیت کے 2,000 ریلوے انفراسٹرکچر پراجکٹس کو قوم کے نام معنون کیا۔ وزیراعظم نے ورچول موڈ میں کئی پراجکٹس کا افتتاح کیا اور بعض کا سنگ بنیاد رکھا ۔ ان پراجکٹس میں ساوتھ سنٹرل ریلوے کے 1800 کروڑ مالیتی پراجکٹس ہیں جن میں تلنگانہ کے 15 ریلوے اسٹیشن، آندھراپردیش کے 34 ریلوے اسٹیشن ، مہاراشٹرا 6 اور کرناٹک کے 2 ریلوے اسٹیشنس شامل ہیں، جن کی مجموعی لاگت 925 کروڑ ہے۔ وزیراعظم نے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت 927.31 کروڑ سے تعمیر کردہ 156 روڈ اوور بریجس اور روڈ انڈر پاس کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جس کی تکمیل امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت کی جائے گی۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں 57 امرت اسٹیشن اور 156 روڈ اوور بریجس اور انڈر پاسیس کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن پر تقریب منعقد کی گئی جس میں گورنمنٹ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن ، ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ بھٹی وکرمارکا ، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن، جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین ، ڈیویژنل ریلوے مینجر بی کمار جین اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے ملک میں انڈین ریلویز کی ترقی اور انفراسٹرکچر پراجکٹس میں اضافہ کی ستائش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جون میں تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ اور حکومت کی تیسی میعاد میں پراجکٹس کی تکمیل ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے عوام نے گزشتہ 10 برسوں میں ریلویز میں نمایاں ترقی اور تبدیلی دیکھی ہے۔ وندے بھارت ٹرینوں کا آغاز کیا گیا ۔ عوام سے وصول ہونے والا ہر پیسہ ریلوے خدمات میں توسیع پر خرچ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ریلوے بجٹ میں اضافہ کا ذکر کیا اورکہا کہ اضافہ کا مقصد عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان ہر شعبہ میں تیزی کے ساتھ ترقی کر رہا ہے اور ملک نے بڑے خواب دیکھے ہیں جنہیں بہت جلد حقیقت میں تبدیل کیا جائے گا۔ بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن پر گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ تلنگانہ میں 15 ریلوے اسٹیشنوں کو ایرپورٹ کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔ مقامی پروڈکٹس کو فروغ دینے کیلئے ریلوے اسٹیشنوں پر ون نیشن ، ون پروڈکٹ اسٹال قائم کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریلویز کم قیمت میں ملک کے زیادہ تر عوام کی خدمت کا ریکارڈ رکھتا ہے۔ ملک کی معاشی ترقی میں ریلویز کا اہم رول ہے ۔ انہوں نے پراجکٹس کی تکمیل میں تلنگانہ حکومت کے تعاون کا یقین دلایا۔ رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن نے تلنگانہ میں ریلویز کی ترقی کی ستائش کی۔ جنرل مینجر ارون کمار جین نے بتایا کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت 57 اسٹیشنوں اور 156 روڈ اوور بریجس ، روڈ انڈر بریجس کا سنگ بنیاد رکھا گیا ۔ تلنگانہ میں بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن کے بشمول 15 و آندھراپردیش میں 34 ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ بیگم پیٹ اسٹیشن کی ترقی پر 22.57 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ 1