قیمتی گھڑیوں کی اسمگلنگ معاملہ میں جانچ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل (سیاست نیوز) لوک سبھا الیکشن کی مہم کے دوران ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی کیلئے اس وقت الجھن پیدا ہوگئی جب چینائی کے کسٹمس حکام نے قیمتی گھڑیوں کی اسمگلنگ معاملہ میں فرزند پی ہرشا ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے۔ کسٹمس حکام نے ہرشا ریڈی کو ہدایت دی تھی کہ وہ 4 اپریل کو تحقیقات کے لئے رجوع ہوں لیکن انہوں نے علالت کا بہانہ بناکر رجوع ہونے سے گریز کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے 27 اپریل کو کسٹمس حکام کے روبرو پیش ہونے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ اسی دوران ہرشا ریڈی نے اسمگلنگ معاملہ میں کسی بھی رول سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ انہیں قانون پر بھروسہ ہے کہ وہ بے قصور ثابت ہوں گے۔ کسٹمس حکام نے 28 مارچ کو ریاستی وزیر کے دفتر کو نوٹس روانہ کی ہے۔ 5 فروری کو کسٹمس حکام نے مقدمہ درج کیا تھا ۔ ہانگ کانگ سے ہندوستان پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے چینائی میں دو قیمتی گھڑیاں ضبط کی گئیں جن کی مالیت 1.73 کروڑ بتائی جاتی ہے ۔ سنگا پور سے چینائی پہنچنے والے محمد فردین مبین کے قبضہ سے قیمتی گھڑیاں ضبط کی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ قیمتی گھڑیوں میں ایک گھڑی کا کوئی ڈیلر ہندوستان میں نہیں ہے جبکہ دوسری گھڑی ہندوستانی مارکٹ میں دستیاب نہیں ہے۔ تحقیقات کے دوران گرفتار شخص نے بتایا کہ یہ گھڑیاں ہرشا ریڈی نے خریدی ہے۔ اس سلسلہ میں جانچ کیلئے انہیں چینائی کسٹمس نے طلب کیا ہے۔ 1