عید انعام و اکرام کا دن ، مولانا متین علی شاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد یکم اپریل (راست) عید انعام و اکرام کا دن ہے اللہ تعالی اہل ایمان کے لیے پروانہ مغفرت عطا فرماتا ہے۔ مسلمان وقف بل کے خلاف متحد ہو جائیں اہل فلسطین و غزہ کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری خطیب عیدگاہ گنبدان قطب شاہی نے کل عید کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عید ، تہذیب و شائستگی کا یوم مسرت اسلام کی عظمت و رفعت امت مسلمہ کے اتحاد یگانگت اور اسلام کی مثالی اقدار اور عظیم روایات کی علامت ہے۔ رمضان المبارک کے حقیقی جذبہ کو برقرار رکھیں۔ عبادات اور خیر خواہی کے سلسلہ کو جاری و ساری رکھیں۔عید کی خوشی میں غربا ومساکین کو شامل کریں۔ ضرورت مندوں کی مدد کرتے رہیں۔مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ صدقہ فطرہ کا مقصد ہمارے روزوں اور ماہ صیام کی کوتاہیوں کی تلافی ہو جائے اور ساتھ غربا کی حاجت کی تکمیل بھی ہو۔تاکہ وہ بھی ہمارے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکے انہوں نے کہا کہ آج ہم عید منا رہے ہیں لیکن ہمارے دل جذبات سے لبریز ہیں وجہ یہ کہ ہمارا ملک عجیب صورتحال سے دو چار ہے مرکزی حکومت ، وقف ترمیمی بل 2024 کے نام پر مسلمانوں کے اندرونی معاملات میں بالخصوص مذہبی معاملات میں مداخلت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل غیر دستوری اور غیر جمہوری ہے۔ ہم مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وقف ترمیمی واپس لیا جائے مسلمانوں کو چاہیے کہ وقف جائدادوں کے تحفظ بالخصوص مساجد۔ عیدگاہیں۔ مدارس۔ درگاہوں۔ خانقاہوں کے لیے سیاہ بل سے متعلق شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ عید گاہ میں مصلیوں نے اپنے ہاتھوں پر سیاہ پٹیوں کے ذریعہ خاموشی وپر امن احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف ناراضگی ظاہر کی۔مولانا متین علی شاہ نے عا متہ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ عیدین کی نمازیں عید گاہوں میں ادا کرے۔مولانا متین علی شاہ نے کہا آج ہم عید کے موقع پر مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یگانگت کرتے ہیں ۔ مظلوم فلسطینیوں کی جرات اور ہمت انہوں نے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اسرائیل جو طاقت ہتھیار اور دولت سے لیس ہے لیکن ان کے مقابلے میں بے سر و سامان کے ساتھ فلسطینی ڈبے ہوئے ہیں اور دولت ایمان سے مالا مال ہے اورعرب حکمرانوں کے جیسے سانپ سونگ گیا ہے۔ جو تماشائی بنے اور خاموشی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔اس موقع پر رخت انگیز دعاء کی گئی۔ جناب کوثر محی الدین رکن اسمبلی حلقہ کاروان کی راست نگرانی میں بلدی’ آبرسانی’ پولیس’ برقی’ آرٹی سی’ وغیرہ کے شاندار انتظامات کیے گئے تھے۔ حبیب زین العابدین عابد، عزیز خان پٹھان۔شکیل علی خان۔امین پاشاہ۔ہارون فرحان کارپوریٹر اور دیگر نے انتظامات میں حصہ لیا۔ آخر میں ہندو بھائیوں اور دیگر مذاہب کے نمائندوں نے مصلیوں سے بغلگیرہو کرمبارک باد دی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ جناب غلام محی الدین خان پاشاہ بھائی نے ابتدا میں خیر مقدم کیا۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دینی علمی کاموں میں آگے آئیے اور اپنے اتحاد وہ بھائی چارگی کو مزید مضبوط و مستحکم کریں۔ آخر میں سب کا شکریہ ادا کیا ۔