وکیلوں کے ایک گروپ نے سپریم کورٹ کے احاطے میں وندے ماترم گایا

   

نئی دہلی، 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)سپریم کورٹ کے وکیلوں کے ایک گروپ نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے )، قومی شہریت رجسٹر (این آر سی)کی حمایت میں چہارشنبہ کو قومی گیت ‘وندے ماترم گایا اور آئین کی تمہید پڑھی۔ ’’وکیل ہری شنکر جین، وشنو جین اور راکیش سنہا کی قیادت میں سپریم کورٹ کے وکیلوںکے ایک گروپ عدالت کے احاطے میں پہلے تو وندے ماترم گایا اور اس کے بعد ہندی میں آئین کی تمہید بھی پڑھی۔ ایسا سمجھا جارہا ہے کہ سی اے اے ، قومی شہریت رجسٹر(این آر سی) اور حالیہ واقعات کے پیش نظر کچھ وکیلوں کے ذریعہ کل آئین کی تمہید پڑھے جانے کے خلاف آج وندے ماترم گایا گیا۔ واضح رہے کہ سینئر وکیل کامنی جیسوال، سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، سنجے پارکھ اور پرشانت بھوشن کی قیادت میں وکیلوں کا ایک گروپ کل اعلی عدالت کے احاطے میں اکٹھے ہوئے تھے اور آئین کی تمہید پڑھی تھی۔ آئین کی تمہید پڑھنے کا مقصد یہ بتانا تھا کہ ملک میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے حالانکہ وکیلوں نے کسی طرح کی کوئی نعرے بازی نہیں کی تھی۔