نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا تحت 2024 میں حج پر جانے کا انتظار کر نے والے تقریباً 34000 ہزار عازمین میں سے 10000 سے زائد عازمین کو منظوری مل گئی ہے۔ یہ اطلاع حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او لیاقت علی آفاقی نے یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں دی۔ انھوں نے کہا کہ قرعہ میں منتخب عازمین کے ذریعہ منسوخ کرائی گئی نشستوں اور پیشگی رقم جمع نہ کرانے کے باعث ہوئی خالی نشستوں کو پُر کرنے کیلئے ویٹنگ لسٹ کو منظوری دے دی گئی ہے ، جس میں چھتیس گڑھ کے 82، دہلی کے 440گجرات کے 1594 ہریانہ کے 23کرناٹک کے 1380کیرالا کے 1561 مدھیہ پردیش کے 558 مہاراشٹرا کے 2499 منی پور کے 50 تامل ناڈو کے 633 اور تلنگانہ کے 1316 عازمین حج کا انتظار ختم ہوا اور انھیں حج 2024 کیلئے منظوری ملی۔ آفاقی نے مزید بتایا کہ ویٹ لسٹ سے منظور شدہ عازمین حج اخراجات کی پہلی قسط اور دوسری قسط کی جملہ رقم -/2,51,800 اسٹیٹ بینک آف انڈیایا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی شاخ میں 10 مارچ 2024 کو یا اس سے قبل حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاونٹ میں جمع کرا دیں۔ جبکہ اصل انٹرنیشنل پاسپورٹ (مشین ریڈ ایبل) ، حج درخواست فارم، رقم جمع کی ہوئی پے ان سلپ/ آن لائن رسید کی کاپی، میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ ،حلف نامہ / عہد نامہ و دیگرمطلوبہ کاغذات اپنی متعلقہ صوبائی حج کمیٹی میں مقرہ تاریخ تک جمع کرا دیں۔