چینائی : ٹاملناڈو حکومت نے کورونا کے ڈیلٹا اور اومیکرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مزید پابندیوں کے ساتھ لاک ڈاؤن میں 31 جنوری تک توسیع کر دی ہے ۔ طبی ماہرین کی مشاورت اور یومیہ کورونا کیسز میں نمایاں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے لاک ڈاؤن کو 31 جنوری تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے ۔واضح رہے کہ بڑھتی ہوئی بھیڑ کے مدِ نظر ریاستی حکومت نے 14 سے 18 جنوری تک تمام مندروں، گرجا گھروں، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں عوام کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی، جس سے 13 جنوری سے چار روزہ پونگل تہوار میں لوگوں کا جوش و خروش ماند پڑ گیا ۔ پونگل کے آخری دن 16 جنوری کولوگ بڑی تعداد میں ساحلوں، تفریحی پارکوں، سیاحتی مقام، ونڈالور چڑیا گھر اور دیگر مقامات پر پہنچتے ہیں۔ اسی لیے وزیر اعلیٰ نے 16 جنوری کو مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے اور اس بار لوگوں کو گھروں میں رہ کر پونگل منانا ہو گا ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ خدمات کو 75 فیصد بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ چلانے کی اجازت دی جائے گی تاکہ لوگ پونگل تہوار کے لیے اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔مسٹر اسٹالن نے کہا کہ ہوٹلوں میں رات کا کرفیو اور ‘ٹیک اوے ’ خدمات سمیت دیگر تمام پابندیاں اس ماہ کے آخر تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے لوگوں سے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے معیاری عملیاتی طریقہ کار پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی ۔