ٹرانسکو میں جونیئر لائین میں کے امتحانات منسوخ

   


نقل نویسی کے انکشاف کے بعد پولیس میں مقدمہ درج
حیدرآباد ۔25۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ٹرانسمیشن کارپوریشن (ٹرانسکو) میں جونیئر لائین مین کے امتحانات کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ 1000 جونیئر لائین مین کی جائیدادوں کیلئے 17 جولائی کو تحریری امتحان منعقد کیا گیا تھا۔ پولیس تحقیقات میں پتہ چلا کہ 181 امیدواروں نے نقل نویسی کی ہے۔ حیدرآباد اور راچہ کنڈہ پولیس کی رپورٹ کے مطابق نقل نویسی کرنے والے امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ گٹھکیسر میں واقع امتحانی مرکز میں بڑے پیمانہ پر نقل نویسی کی اطلاع کے بعد جانچ کی گئی تھی۔ بعض امیدواروں نے عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ جوابات لکھانے کا وعدہ کرتے ہوئے امیدواروں سے ایک لاکھ روپئے حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دیا گیا ۔ پولیس نے تین ملازمین کو اس سلسلہ میں حراست میں لیا اور تحقیقات کے دوران کئی انکشافات منظر عام پر آئے۔ اس معاملہ میں پانچ ملازمین کو معطل کیا گیا ہے۔ ٹرانسکو کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر جی رگھوما ریڈی نے کہا کہ نقل نویسی کے باعث جونیئر لائین مین کے امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں اور عنقریب نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ ر