وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز کے مطابق تینوں عالمی لیڈران کے درمیان اپنی نوعیت کی یہ پہلی ملاقات ہوگی
بیجنگ ۔ 14 نومبر (ایجنسیز) وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنے روسی اور چینی ہم منصبوں ولادیمیر پوٹن اور شی جن پنگ کے ساتھ آئندہ ہفتے چین میں ملاقات کریں گے۔ وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ اگلے ہفتے چین میں ایک تاریخی سہ فریقی ملاقات کر سکتے ہیں۔ یہ امریکہ، روس اور چین کے سربراہان کے درمیان اپنی نوعیت کی پہلی مشترکہ ملاقات ہوگی۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز کے مطابق تینوں رہنما جمعرات کو جنوبی چینی شہر شین ژین میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم اے پیک کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں دنیا بھر میں نیوکلیر ہتھیاروں کی تعداد کم کرنے اور ایران میں جاری جنگ پر بات چیت متوقع ہے۔ تاہم امریکی حکام کے مطابق یوکرین میں روس کی جنگ سہ فریقی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگی۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ نیوکلیر ہتھیاروں میں کمی کے خواہاں ہیں کیونکہ ان کے نزدیک ان ہتھیاروں کا پھیلاؤ دنیا کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرمپ ایران کے معاملہ پر شی جن پنگ اور پوٹن سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم یوکرین کی جنگ ختم کرانے کے لیے واشنگٹن کی کییف اور ماسکو کے ساتھ الگ سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ عہدیدار کے مطابق چین ان مذاکرات کا حصہ نہیں ہے، اس لیے یوکرین کے معاملے کو سہ فریقی ملاقات میں زیر بحث لانا مناسب نہیں ہوگا۔ تین بڑی طاقتوں کی اس ملاقات کا موازنہ 1945 کی تاریخی یالٹا کانفرنس سے بھی کیا جا رہا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے اختتام سے قبل اس کانفرنس میں امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے جنگ کے بعد یورپ کے سیاسی انتظام اور سرحدوں سے متعلق اہم فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شین ڑین کی ملاقات بھی یالٹا کانفرنس کی طرح اکیسویں صدی میں بڑی طاقتوں کے درمیان اثر و رسوخ کے علاقوں کی نئی تقسیم کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ ٹرمپ جمعرات کو چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ الگ دوطرفہ ملاقات اور ورکنگ لنچ بھی کریں گے۔ گزشتہ سال دوبارہ امریکی صدر بننے کے بعد شی جن پنگ سے یہ ان کی چوتھی ملاقات ہوگی۔ تاہم روسی صدر پوٹن کے ساتھ ٹرمپ کی الگ ملاقات طے نہیں ہے۔