ٹریفک چالان سے بچنے گاڑیوں کے نمبرپلیٹس سے چھیڑچھاڑ، پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کا انتباہ

   

حیدرآباد۔2 نومبر (یواین آئی)حیدرآباد میں ٹریفک جرمانوں سے بچنے کے لیے گاڑی سوار، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ عام طورپر موٹرسائیکلوں اور کاروں کی نمبرپلیٹس میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں یا پھر ان نمبرپلیٹس کونکالاجارہا ہے تاکہ ٹریفک جرمانوں سے بچا جاسکے۔ ٹریفک پولیس نے ایسے افراد سے سختی سے نمٹنے کیلئے گاڑیوں کی تلاشی کی کارروائیوں میں اضافہ کردیا ہے ۔اس مہم کے دوران نمبر پلیٹس غائب کرتی ہوئی پکڑی جانے والی گاڑیوں کو ضبط کرکے گاڑی سواروں کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیاجارہا ہے جس کی وجہ سے گاڑی مالکین عدالت کے چکر لگا رہے ہیں۔ نوجوانوں کی اکثریت جرمانے سے بچنے کیلئے نمبر پلیٹس نکال رہی ہے یا پھر ان میں چھیڑ چھاڑ کررہی ہیں۔بعض افراد نمبرپلیٹ کے چار ہندسوں میں سے ایک کو ہٹا رہے ہیں یا اس پر پلاسٹک کا کور لگا رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے آپریشن روپ کے بعد بغیر نمبر پلیٹ چلائی جانے والی والی گاڑیوں پر توجہ مرکوز کرلی ہے ۔ چند روز قبل مشیرآباد کے قریب سڑک حادثہ پیش آیا تھا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ گاڑی کا نمبر غلط ہونے کی وجہ سے متاثرہ کو تلاش کرنے میں کافی وقت لگا۔ دوسری طرف عثمانیہ ہاسپٹل کے قریب ایک شخص نے پولیس کو دیکھا اور وہیں ٹووہیلرچھوڑکر فرار ہوگیا۔ پولیس کو پتہ چلا کہ یہ شخص مسروقہ گاڑی چلارہا تھا۔

تلنگانہ میں 2022-23 کے دوران 49فیصدزائد بارش
حیدرآباد۔2 نومبر (یواین آئی) تلنگانہ میں 2022-23 کے دوران 31 اکتوبر تک 49فیصد زائد بارش درج کی گئی۔ اسٹیٹ گراونڈ واٹرڈپارٹمنٹ نے یہ بات بتائی۔ اس عرصہ کے دوران معمول کی 814 ملی میٹربارش کے برخلاف 1217ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ محکمہ کے مطابق ریاست میں اکتوبر کے دوران زیرزمین آبی سطح 3.71میٹرس کم درج کی گئی۔