ٹو وہیلر گاڑی پر چار لاکھ روپئے سے زائد کے 67 چالان

,

   

گرو گرام ٹریفک پولیس نے چیکنگ کے دوران گاڑی کو ضبط کرلیا

گروگرام 10 نومبر ( ایجنسیز ) گرو گرام ٹریفک پولیس نے آج ایک موٹر سیکل کو ضبط کرلیا جس پر جملہ 67 زیر التواء ٹریفک چالان تھے اور ان چالان کی جملہ رقم چار لاکھ چھ ہزار روپئے تک پہونچ گئی تھی ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ یہ موٹر سیکل دمدمہ سگنل کے قریب چیکنگ کے دوران ضبط کی گئی ۔ تلاشی مہم کے دوران زونل آفیسر ای ایس آئی جئے ویر نے جانچ کیلئے ایک موٹر سیکل کو روکا جس پر جملہ 67 زیر التواء ٹریفک چالان تھے ۔ ان چالان کی جملہ رقم چار لاکھ چھ ہزار 500 روپئے بتائی گئی ہے ۔ سینئر ٹریفک پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ بیشتر چالانات بغیر ہیلمٹ ڈرائیوگن ‘ گاڑی کا انشورنس نہ رہنے اور پولیوشن انڈر کنٹرول سرٹیفیکٹ کے بغیر ڈرائیونگ سے متعلق تھے ۔ عہدیدار نے کہا کہ گاڑی کا مالک درکار دستاویزات پیش کرنے میں بھی ناکام رہا جس کے بعد گاڑی کو ضبط کرلیا گیا ۔ ٹریفک پولیس نے گاڑی رانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیلمٹ کے بغیر گاڑی نہ چلائیں اور ڈرائیونگ کے دوران اپنے ساتھ تمام درکار دستاویزات بھی رکھیں۔ اس کے علاوہ انشورنس کروایا جائے اور پی یو سی بھی ضروری ہے ۔ پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیوں کا انتباہ بھی دیا ہے ۔