احمد آباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم رواں برس اکتوبر۔نومبر میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے انگلینڈ کے خلاف جمعہ کو یہاں نریندر مودی اسٹیڈیم میں شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز میں کئی سوالوں کے جوابات تلاش کرے گی۔ ہندوستان نے انگلینڈ سے چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز 3-1 سے جیت لی ہے اور وہ اس فتح کو چھوٹے فارمیٹ میں بھی برقرار رکھنے کے ارادے سے اترے گی ۔ ہندوستان کے اوپنر اور نائب کپتان روہت شرما نے تسلیم کرتے ہیں کہ یہ سیریز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے کوئی ریہرسل نہیں ہے جبکہ بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور کی نظر میں یہ سیریز ورلڈ کپ کے لئے صحیح توازن تلاش کرنے کا ایک اچھا موقع ہے ۔ ٹیم انڈیا کو اس سلسلے میں بہت سے سوالات کے جوابات تلاش کرنا ہوں گے تاکہ صحیح امتزاج تلاش کیا جاسکے ۔ پہلا بڑا سوال اوپننگ سے متعلق ہے جس میں روہت شرما کے ساتھ ان کا شراکت دار کون ہوگا ، ٹیم مینجمنٹ کو اس سوال پر بہت زیادہ غوروفکر کرنا ہوگا۔ روہت کی بائیں ہاتھ کے بلے باز شیکھر دھون کے ساتھ ایک انتہائی کامیاب جوڑی رہا ہے ، لیکن گزشتہ کم عرصے میں شیکھر کی فارم ان کے ساتھ نہیں رہی ہے ۔