پنچایت راج سنگھٹن کی سرگرمیوں میں توسیع کا مشورہ، حکومت کے کارناموں کو عوام تک پہنچایا جائے
حیدرآباد ۔29۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پارٹی کیلئے محنت کرنے والے قائدین اور کارکنوں کو اہم عہدوں پر فائز کیا جائے گا۔ گاندھی بھون میں راجیو گاندھی پنچایت راج سنگھٹن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حالیہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین کو نامزد عہدوں پر فائز کیا گیا ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ایسے قائدین اور کارکن جنہیں ابھی تک عہدے نہیں دیئے گئے، انہیں بھی اہم ذمہ داری دی جائے گی ۔ راجیو گاندھی پنچایت راج سنگھٹن کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات کو بنیادی سطح تک پہنچانے میں سنگھٹن کو مساعی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت راج اداروں کے انتخابات کی تیاریاں ابھی سے شروع کی جائیں۔ ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تکمیل کے بعد تحفظات کا تعین ہوگا اور مجالس مقامی کے انتخابات کرائے جائیں گے ۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ بی آر ایس کو عوام نے مسترد کردیا ہے اور اس کے دوبارہ برسر اقتدار آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈہ کر رہے ہیں لیکن اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ایک سال کی مدت میں کانگریس حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے راہول گاندھی کی تجویز پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے صدور نشین کو نامزد عہدوں پر فائز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیوا دل اور راجیو گاندھی پنچایت راج سنگھٹن کی کارکردگی سے راہول گاندھی مطمئن ہیں۔ گرام پنچایتوں کو مستحکم کرنے کیلئے راجیو گاندھی کے دور میں دستور میں ترمیم کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت راج سنگھٹن کے پروگراموں کو اضلاع میں توسیع دینے کی ضرورت ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے ذریعہ سماج کو بانٹنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل دراصل کانگریس پارٹی کا کارنامہ ہے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے علحدہ ریاست کو یقینی بنایا۔ 10 سالہ اقتدار میں کے سی آر نے گولڈن تلنگانہ کے نام پر صرف اپنے خاندان کی بھلائی کی ہے۔ 8 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کرتے ہوئے ریاست کو مقروض بنادیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ایک سال کی تکمیل پر حکومت کے کارناموں کو عوام تک پہنچایا جائے۔ سنگھٹن کے صدرنشین سدیشور نے کہا کہ اے آئی سی سی کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پنچایت راج سنگھٹن نے کئی پروگرام منعقد کئے۔ 1