پانی کی ٹینک میں گرنے سے کمسن لڑکی فوت

حیدرآباد۔/17 مارچ، ( سیاست نیوز) کلثوم پورہ کے علاقہ ٹولی مسجد کے قریب پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں پانی کی ٹینک میں گرنے کے نتیجہ میں سات سالہ کمسن لڑکی فوت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ندا بیگم جو محمد ظہیر اور صفیہ بیگم کی بیٹی تھی آج کھیل کے دوران ٹولی مسجد کے قریب واقع پانی کے ٹینک میں گرپڑی۔ پولیس کے بموجب محمد ظہیر اور صفیہ بیگم کے درمیان حالیہ دنوں نااتفاقی پیدا ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں بیوی نے اپنے تینوں بچوں کے ساتھ مستعد پورہ میں واقع اپنے میکے چلی گئی تھی۔ پانچ دن قبل ظہیر اپنی سات سالہ بیٹی ندا بیگم کو اپنے مکان واپس لے آیا۔ آج ظہیر دوپہر کے کھانے کے بعد محو خواب تھا کہ لڑکی کھیلتی ہوئی ٹولی مسجد کے قریب واقع واٹر ٹینک پہنچ گئی اور اتفاقی طور پر گر پڑی۔ ندا بیگم اچانک لاپتہ ہونے کے نتیجہ میں ظہیر اس کی تلاش کرنے لگا اور واٹر ٹینک میں اسے بے سود پایا۔ لڑکی کو فوری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر اسے مردہ قرار دیا گیا۔ اسی دوران لڑکی کی ماں صفیہ بیگم نے اپنے شوہر ظہیر کو اس واقعہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا اور بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ان کے حوالے کردیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT