پاکستانی جوڑے کا روڈ ٹو مکہ کے ذریعہ حج ادا کرنے کا خواب پورا

   

اسلام آباد ؍ مکہ مکرمہ۔ 12 مئی (ایجنسیز) پاکستانی شہری محمد افضل اور ان کی اہلیہ طویل انتظار کے بعد بالاخر اپنی مراد کو پہنچ گئے۔ وہ فریضہ حج کی ادائیگی کا خواب دیکھ رہے تھے اور اب ان کی یہ خواہش پوری ہو گئی۔پاکستان کے تیسرے بڑے ہوائی اڈے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ان دونوں نے اپنی زندگی کی کمائی سمیٹنے اور اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی کیلئے ٹکٹ حاصل کیے۔ اہلیہ نے ایئرپورٹ پر شکرانے کا سجدہ کیا، ان کی آنکھیں جائے نماز پر اس لیے چھلک پڑیں کہ خواب پورا ہو گیا تھا۔ خوشی اور تشکر کے جذبات آپس میں مل گئے تھے۔ وہ خاتون بات نہ کر سکیں یہی حال ان کے شوہر کا تھا جو زندگی کی سب سے بڑی خواہش پوری ہونے پر اظہارِ بیان سے قاصر کھڑے تھے۔ وہ شاید پہلی مرتبہ ’’ روڈ ٹو مکہ ‘‘ اقدام کے تحت حج ادا کرنے جا رہے ہیں۔ یہ 20 سال کے طویل انتظار کے بعد ممکن ہوا۔یہ اقدام سعودی عرب نے 2018 میں تجرباتی طور پر شروع کیا تھا جس میں حجاج کے سفر کے دوران خدمت اور آرام کے اعلیٰ ترین معیار کو مدنظر رکھا جاتا ہے اور انہیں اپنے ملک کے ہوائی اڈوں سے ہی سعودی عرب میں داخلے کے تمام طریقہ کار مکمل کرنے کے قابل بنایا جاتا ہے۔ اس کے بعد وہ براہِ راست مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اپنی رہائش گاہوں تک پہنچ جاتے ہیں۔