پاکستان کو تیل کی فراہمی میں امریکہضرور رکاوٹ بنے گا : روس

   

ماسکو: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ یقین ہے امریکہ روس کی جانب سے پاکستان کو تیل فراہم کرنے کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالے گا۔ماسکو میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ امریکہ سب سے کہہ رہا ہے کہ روس کے ساتھ معاملات نہ کیے جائیں۔ امریکہ بڑے غرور سے کام لے رہا ہے اور اسے شرم بھی نہیں آتی۔روسی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ نے حالیہ عرصے میں چین ،ہندوستان اور ترکی پردباؤ ڈالا ہے۔ کوئی ایسا ملک نہیں جسے نئے سامراج امریکہ کی طرف سے پیغامات نہ ملے ہوں۔سرگئی لاوروف نے کہا کہ اس صورتحال میں بھی پاکستان سمیت ایسے ملکوں کی اکثریت موجود ہے جو اپنے جائز قومی مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔ انہیں اپنی معیشت بہتر بنانے اور عوام کے مفاد میں دلچسپی ہے۔ مغربی ممالک روس پر نہ صرف پابندیاں لگا سکتے ہیں بلکہ دہشت گردی بھی کروا سکتے ہیں جیسا کہ سمندر میں روس کی گیس پائپ لائن کے ساتھ کیا گیا۔