عوام سے شکایت وصولی کا محکمہ برقی کو اعتراف، فیوز کال کے عملہ کی لاپرواہی
حیدرآباد۔22جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں برقی تاروں اور ٹرانسفارمر کی مرمت کے نام پر غیر معلنہ برقی کٹوتی کی جانے لگی ہے اور شہر کے کئی مقامات سے اس بات کی شکایت موصول ہونے لگی ہے کہ محکمہ برقی کے عہدیدارو ںکی جانب سے من مانی کٹوتی کے ذریعہ شہریوں کو تکالیف میں مبتلاء کیا جارہا ہے۔پرانے شہر کے علاوہ دیگر علاقوںسے وصول شکایات بالخصوص ٹوئیٹر پر موصول ہونے والی شکایت پر روایتی جواب دیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ مرمتی کام جاری ہیں یا درختوں کی کٹوائی کا عمل جاری ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ کے عہدیداروں سے رابطہ کرنے پر یہ کہا جار ہاہے کہ وہ انہیں موصولہ ہدایات کے مطابق خدمات انجام دے رہے ہیںاور ممکنہ حد تک اس بات کی کوشش کی جار ہی ہے کہ دونوں شہروں میں بلا وقفہ اور معیاری برقی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں لیکن بعض کنٹراکٹ عملہ بالخصوص فیوز آف کال میں خدمات انجام دینے والے لاپرواہ ملازمین کی وجہ سے کئی کئی گھنٹے برقی سربراہی معطل رہنے کی شکایت عام ہونے لگی ہے ۔پرانے شہر کے علاقوں فلک نما‘ میر عالم‘ مغلپورہ ‘ جندولعل بارہ دری ‘ حسینی علم ‘ یاقوت پورہ‘ سنتوش نگر‘ چندرائن گٹہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں برقی سربراہی میں خلل روز کا معمول بن چکا ہے لیکن اس کے باوجود کوئی توجہ نہ دیئے جانے کے متعلق ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے عہدیدار مسئلہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ ان علاقو ںسے شکایات موصول ہورہی ہیں لیکن وجوہات کا جائزہ لینے کے لئے وقت درکار ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے دونوں شہروں میں موسم گرما کے دوران معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے لیکن گرما کے آغاز سے قبل ہی روزانہ برقی کٹوتی ناقابل فہم ہے اور منتخبہ عوام نمائندوں کی جانب سے ان مسائل پر توجہ مرکوز نہ کئے جانے کی وجہ سے عوام میں نمائندوں کے متعلق بدظنی پیدا ہونے لگی ہے ۔ عہدیدارو ںکا کہناہے کہ کنٹراکٹ ملازمین بالخصوص فیوز آف کال میں خدمات انجام دینے والے عملہ کے سبب ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
تلنگانہ ملک میں تیزی سے ترقی کرنے والی ریاست، ریاستی وزیر وی پرشانت ریڈی کی تقریر
حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سڑکوں اور عمارتوں کے محکمہ کے وزیر وی پرشانت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ بہت مختصر عرصہ میں ملک میں بہت ترقی کرنے والی ریاست کی حیثیت سے اُبھرا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کی شرح ترقی بڑھ کر 16 فیصد ہوگئی ہے۔ تلنگانہ کی فی کس آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تلنگانہ میں معیار زندگی بہتر ہوئی ہے۔ پرشانت ریڈی نظام آباد میں پراپرٹی شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔