پرانے شہر کے بیشتر ٹریفک سگنلس پر پولیس عملہ کی عدم تعیناتی سے مشکلات

   

طویل دورانیہ کے سگنلس اور طویل U ٹرن سے خلاف ورزیاں ‘ حادثات کے اندیشے
حیدرآباد۔21اپریل(سیاست نیوز) ٹریفک پولیس کی جانب سے پرانے شہر کے کئی چوراہوں پر سگنل تو نصب کردیئے گئے لیکن ان سگنلس پر ٹریفک باقاعدہ بنانے عہدیداروں یا اہلکاروں کی تعیناتی ضروری ہے کیونکہ پرانے شہر کے بیشتر ٹریفک سگنلس پر قواعد کی پابندی نہ ہونے سے ٹریفک جام کے علاوہ کئی مسائل پیدا ہونے لگے ہیں۔ حافظ بابا نگر میں ٹریفک سگنل اور طویل U ٹرن کے سبب موٹر سیکل سواروں کا مخالف سمت سے گاڑی چلانا خطرناک ثابت ہورہا ہے جبکہ انجن باؤلی پر نصب سگنل پر قواعد کی پابندی نہ ہونے سے کئی مرتبہ ٹریفک درہم برہم ہونے لگی ہے ۔ سنتوش نگر تا چندرائن گٹہ براہ حافظ بابانگر سڑک پر نصب سگنلس پر ٹریفک کو قواعد کا پابند بنانے اقدامات نہ کئے جانے اور وکاس ہائی اسکول کے قریب برسوں سے جاری تعمیری و مرمتی کاموں کے نتیجہ میں ٹریفک جام اور حادثات پیش آرہے ہیں ۔چندرائن گٹہ چوراہے پر کبھی ٹریفک جوان موجود ہوتے ہیں اور کئی مرتبہ ان کی عدم موجودگی میں ٹریفک سگنل کی پابندی نہ ہونے سے حادثات کا خدشہ رہتا ہے۔شاہ علی بنڈہ چوراہے پر سگنل زائد از 2منٹ کا ہونے کے سبب کئی موٹر سیکل رانوں کی جانب سے سگنل کی خلاف ورزی کرکے گاڑی نکالنے کی کوشش کی جاتی ہے جس سے حادثات کا خدشہ رہتا ہے ۔ ٹریفک پولیس کی خدمات کو پرانے شہر میں بہتر بناکر ان سگنلس کے پاس متعین کئے جانے پر شہری سگنلس کی پابندی کرسکتے ہیں جو پرانے شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کے ساتھ حادثات میں کمی کا بھی سبب بن سکتا ہے اسی لئے ٹریفک پولیس کو فوری اس جانب توجہ کے علاوہ فلک نما ریل اوور برج پر روزانہ رات کے اوقات میں گھنٹوں ٹریفک جام کے مسائل سے نمٹنے بھی کم از کم ہوم گارڈس کی تعیناتی کی جانی چاہئے تاکہ فاطمہ نگر بس اسٹیشن میں جانے والی بسوں کے سبب برج پر ٹریفک جام کے مسائل پر قابو پایا جاسکے اور ٹریفک کی آمد و رفت کو بہتر بنایا جاسکے۔3