پرجا باٹا پروگرام کے تحت برقی عہدیداروں کی سکندرآباد میں عوام سے ملاقات

   

پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین جتیش پاٹل کی شرکت، برقی سربراہی سے متعلق اُمور کی یکسوئی
حیدرآباد 11 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ کی جانب سے برقی صارفین سے راست ملاقات پروگرام کے تحت کمپنی کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر جتیش وی پاٹل آئی اے ایس نے بستی باٹا پروگرام میں سکندرآباد سرکل کے مختلف علاقوں کا احاطہ کیا۔ اُنھوں نے سکندرآباد سرکل کے پیراڈائز ڈیویژن اور لالہ گوڑہ سیکشن کے تحت مختلف علاقوں میں برقی صارفین سے ملاقات کی اور اُن کی مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ اُنھوں نے برقی سربراہی اور دیگر مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ کمپنی نے ریاست کے تمام برقی سرکلس میں عہدیداروں کو پرجا باٹا پروگرام کے تحت گھر گھر پہونچ کر صارفین سے ملاقات کی ہدایت دی ہے۔ برقی سربراہی کے علاوہ بلنگ اور دیگر متعلقہ مسائل کو عوام نے عہدیداروں سے رجوع کیا۔ کمپنی کے صدرنشین نے ٹرانسفارمرس کی بہتر نگہداشت کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ کسی بھی شعبہ کے لئے برقی سربراہی میں خلل کی گنجائش نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سیتاپھل منڈی 33/11kv سب اسٹیشن کے تحت 11kv صلاحیت کے فیڈرس کو نصب کیا گیا ہے۔ سکندرآباد سرکل میں برقی لائنوں کی درستگی کیلئے بھی منصوبہ بندی کی ہدایت دی گئی۔ صدرنشین کا کہنا ہے کہ پرجا باٹا پروگرام کے لئے محکمہ برقی پر عوام کے اعتماد کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ اِس پروگرام میں کمپنی کے آپریشن ڈائرکٹر ڈاکٹر این نرسمہلو، میٹرو زون کے چیف انجینئر پی کروناکر بابو، سکندرآباد سپرنٹنڈنٹ جنرل ایل گوشیا اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ V/1
ریاست بھر میں ڈسٹری بیوشن کمپنی کے 21 سرکلوں میں پرجا باٹا پروگرام جاری ہے۔V/1