پرگتی بھون عملا پولیس چھاؤنی ‘ہند ۔ پاک سرحد جیسی سکیوریٹی

,

   

بی آر ایس ۔ بی جے پی ایک سکہ کے دو رخ ۔ سرسلہ میںکارنر میٹنگ ۔ پدیاترا کے دوران ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/4 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے کہا کہ پرگتی بھون کو پولیس کی حصار میں گھیرتے ہوئے ہندوستان ۔ پاکستان کی سرحد کا منظر پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے دوران سرسلہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔ سابق وزیر محمد علی شبیر ، سابق ایم پی پونم پربھاکر، کے مہیندر ریڈی، سابق ایم پی انجن کمار یادو و دیگر قائدین موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو تلنگانہ عوام خاندان کا سربراہ قرار دینے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ اگر کے سی آر سربراہ خاندان ہوتے تو پرگتی بھون کے دروازے ارکان خاندان کیلئے کھلے ہوتے۔ لیکن پولیس کا سخت سیکوریٹی انتظام کرکے دروازے عوام کیلئے بند کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک چلانے کونڈہ لکشمن باپوجی نے اپنا گھر پارٹی بنانے کے سی آر کو دیا تھا ایسے مجاہد آزادی کا کے سی آر نے آخری دیدار کرنا بھی گوارا نہیں کیا۔ تلنگانہ تحریک میں کئی جہد کاروں نے حصہ لیا اور اپنی زندگیوں کا نذرانہ بھی پیش کیا لیکن ایسے مجاہدین اور جہد کاروں کو آج تک تلنگانہ بھون طلب نہیں کیا گیا اور نہ تلنگانہ کیلئے زندگیاں قربان کرنے والے مجاہدین کے خاندان سے کے سی آر نے ملاقات کی۔ عوام سے وعدوں کو فراموش کردینے والے کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے کمربستہ ہوجانے کا انہوں نے عوام کو مشورہ دیا۔ ریونت ریڈی نے بی آر ایس و بی جے پی کو ایک سکہ کے دو رُخ قرار دیا اور کہا کہ پارلیمنٹ میں ہر بل پر بی جے پی کی تائید کرنے والی بی آر ایس عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ بنگال میں جو فارمولہ آزمایا گیا وہی تلنگانہ میں دہرانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کانگریس بی آر ایس اور بی جے پی کے ان ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی بلکہ دونوں کے حقائق عوام کے سامنے لاکر پہلے بی آر ایس کو تلنگانہ کے اقتدار سے بیدخل کرے گی اور پھر بی جے پی کو مرکزی اقتدار سے بیدخل کردیگی۔ن