پرینکا گاندھی کی شمولیت سے کانگریس کو فائدہ یقینی

’لوگ ووٹ ڈالنے جاتے وقت پرینکا میں اندرا گاندھی کو دیکھیں گے‘،شیوسینا کا ردعمل

ممبئی۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے کہا ہے کہ پرینکا گاندھی کے سیاست میں داخلے سے کانگریس کو فائدہ پہونچ سکتا ہے کیونکہ وہ ایک بہتر شخصیت ہیں اور اپنی دادی اندرا گاندھی کی صلاحیتوں کی حامل ہیں۔ شیوسینا کے ترجمان منیشا کائیانڈے نے کہا کہ پرینکا کے سبب کانگریس کو خوشی منانے کی کئی وجوہات ہیں جو اب تک سیاست سے دور تھیں لیکن اب سرگرم سیاست کا حصہ بن گئی ہیں۔ منیشا نے کہا کہ ان (پرینکا) کی اچھی شخصیت ہے جس سے ان کی پارٹی کو فائدہ ہوگا۔ خود کو بہتر انداز میں پیش کرنے اور رائے دہندوں سے موثر رابطہ کیلئے ان کی صلاحیتیں نمایاں ہیں۔ ان میں اپنی دادی کی کئی خصوصیات موجود ہیں‘‘۔ منیشا نے کہا کہ ’ووٹ ڈالنے کیلئے جانے والے افراد پرینکا میں اندرا گاندھی کو دیکھیں گے‘۔ این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے کہا کہ سرگرم سیاست میں پرینکا کے رسمی داخلے سے کانگریس کارکنوں کے جوش و خروش میں اضافہ ہوگا۔ ’اترپردیش میں کانگریس کو اس کے خصوصی فوائد حاصل ہوں گے‘۔ نواب ملک نے کہا کہ پرینکا کے کرشمہ کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس نے سمجھ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اب یہ پارٹی اترپردیش میں بہ آسانی 20 تا 21 نشستیں جیت سکتے ہیں۔ 2009ء کے عام انتخابات کی کارکردگی دہرائے گی جب اس کو وہاں 21 نشستیں حاصل ہوگئی تھیں ۔
مدھیہ پردیش میں آر ایس ایس ورکر کا قتل ، گلا کٹی نعش برآمد
رتلام۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش میں ضلع اتلام کے موضع کامید میں آر ایس ایس کے ایک 36 سالہ ورکر کو ہلاک کردیا گیا۔ ہمت پاٹیدار کی نعش بلینک پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع اس کی کھیت میں دستیاب ہوئی جس کا گلا کٹا ہوا تھا۔ وہ منگل کی شب اپنے کھیت میں گیا تھا ۔ رات بھر واپس نہ ہونے پر ارکان خاندان میں تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ کھیت میں تلاش کے دوران صبح میں نعش پائی گئی۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس پردیپ شرما نے کہا کہ ’نامعلوم افراد نے نعش کو دفن کرنے سے قبل ہمت کا گلا کاٹ کر چہرہ جلا دیا تھا‘۔

TOPPOPULARRECENT