میں نے راہول گاندھی کے نظریہ کی تکمیل کی، کانگریس میں ہمیشہ پسماندہ طبقات کو ترجیح
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پسماندہ طبقات کو تعلیم اور روزگار کے علاوہ مجالس مقامی میں 42 فیصد تحفظات کی فراہمی سے متعلق بل کی منظوری کو کانگریس قائد راہول گاندھی کا کارنامہ قرار دیا۔ بل کی منظوری پر مبارکبادی کیلئے ملاقات کرنے والے کانگریس قائدین سے چیف منسٹر نے اپیل کی کہ وہ پہلے راہول گاندھی کو مبارکباد پیش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ بل کی منظوری کے لئے مجھے مبارکباد دینے کے بجائے سماجی انصاف کا نظریہ پیش کرنے والے راہول گاندھی کو مبارکباد دی جائے جنھوں نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران طبقاتی سروے کا فیصلہ کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ راہول گاندھی کے نظریہ کی تکمیل کرتے ہوئے عوامی حکومت میں طبقاتی سروے مکمل کیا جس کے ذریعہ پسماندہ طبقات کی حقیقی آبادی کا علم ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پسماندہ طبقات کو انصاف فراہم کرنے کے لئے ملک میں 50 فیصد تحفظات کی حد کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ریاست میں ہر سال 4 فروری کو یوم سماجی انصاف کے طور پر منایا جائے گا کیوں کہ اُسی دن اسمبلی میں بی سی تحفظات کے حق میں قرارداد منظور کی گئی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ پسماندہ طبقات کو اُن کا حق دلانے میں وہ خوشی محسوس کررہے ہیں۔ طبقاتی سروے میں پسماندہ طبقات کی آبادی 56.36 فیصد درج کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مجالس مقامی میں کانگریس نے ہمیشہ پسماندہ طبقات کو مؤثر نمائندگی دی ہے اور زیادہ تر پی سی سی صدور کا تعلق پسماندہ طبقات سے رہا ہے۔ طبقاتی سروے کے بارے میں بعض گوشوں کی جانب سے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ پسماندہ طبقات کو اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔ 1