نئی دہلی۔ 7 ستمبر (یو این آئی) دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے ستیہ نکیتن میں عمارت گرنے کی جگہ کاپیر کی صبح دوبارہ دورہ کیا اور جاری امدادی و بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ ملبے تلے دبے لوگوں کو محفوظ باہر نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ ستیہ نکیتن میں اتوار کو عمارت گرنے سے پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ حادثہ کے بعد ریکھا گپتا نے مکان مالکان کے خلاف معاملہ درج کرنے کا حکم دیا اور حکام کو ان حالات کی جانچ کی ہدایت دی جن کی وجہ سے عمارت منہدم ہو گئی۔ وزیراعلیٰ، جنہوں نے اتوار کو موقع پر تقریباً تین گھنٹے بتائے تھے ، زمینی صورتحال کا جائزہ لینے اور مختلف ایجنسیوں کے اقدامات کی جانچ کے لیے پیر کی صبح سویرے دوبارہ پہنچیں۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے بچاؤ کارروائیوں، حفاظتی انتظامات اور انتظامی جانچ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور لاپروائی کے ذمہ دار کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی، خواہ ان کا اثر و رسوخ یا عہدہ کچھ بھی ہو۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمارت کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے ، جبکہ لاپروائی کے ذمہ دار حکام کو بھی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے متعلقہ شعبوں کو جوابدہی یقینی بنانے اور جہاں بھی حفاظتی خلاف ورزی یا لاپروائی پائی جائے وہاں سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔