27 جنوری کو کپم سے 4 ہزار کیلو میٹر طویل پدیاترا کا آغاز
حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کی جانب سے تلگودیشم قائد نارا لوکیش کی پدیاترا کی تفصیلات طلب کرنے پر تلگودیشم قائدین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔پولیٹ بیورو رکن وی رامیا نے کہا کہ پارٹی جنرل سکریٹری نارا لوکیش کی جانب سے27 جنوری کو شروع ہونے والی پدیاترا کے بارے میں ڈی جی پی نے کئی غیر ضروری سوالات اٹھائے ہیں۔ لوکیش کپم سے اپنی 4 ہزار کیلو میٹر طویل پدیاترا کا آغاز کررہے ہیں۔ پدیاترا کی اجازت کیلئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مکتوب روانہ کیا گیا اور ڈی جی پی راجندر ناتھ ریڈی نے جوابی مکتوب روانہ کرتے ہوئے یاترا کے روٹ میاپ، شرکت کرنے والے افراد اور گاڑیوں کی تعداد کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ تلگودیشم قائد نے کہا کہ سیاسی قائدین کی جانب سے پدیاترا کا یہ پہلا موقع نہیں ہے۔ این ٹی راما راؤ، وائی ایس راج شیکھر ریڈی اور چندرا بابو نائیڈو پدیاترا کی تاریخ رکھتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس لوکیش کی پدیاترا میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ نارا لوکیش 27 جنوری کو کپم سے اِچھا پورم تک یاترا کا آغاز کریں گے۔ر