پونے: پونے پولیس نے سوارگیٹ بس اسٹیشن پر سرکاری ٹرانسپورٹ کی بس میں خاتون کی عصمت دری کے معاملے میں ملزم کی اطلاع دینے والے کو ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے ۔یہ معاملہ ایک ہسٹری شیٹر کے خلاف درج کیا گیا ہے ، جو 2019 سے ضمانت پر رہا تھا۔ منگل کے روز پونے کے مصروف سوارگیٹ بس اسٹیشن پر کھڑی ایک ریاستی ٹرانسپورٹ بس میں 26 سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی گئی۔متاثرہ خاتون کے مطابق، وہ صبح 5:45 بجے کے قریب سوارگیٹ بس اسٹیشن پر ستارہ ضلع کے پھلٹن کیلئے بس کا انتظار کر رہی تھی، جب ایک نامعلوم شخص اس کے قریب آیا اور ‘دیدی’ کہہ کر بات چیت میں مشغول کیا۔ اس شخص نے بتایا کہ ستارہ جانے والی بس دوسرے پلیٹ فارم پر پہنچی ہے ۔ملزم متاثرہ کو ایک خالی ‘شیو شاہی’ اے سی بس میں لے گیا، جو اسٹیشن کے احاطے میں ایک جانب کھڑی تھی۔