حیدرآباد۔8۔ستمبر۔(سیاست نیوز) دونوں شہرو ںحیدرآبا دوسکندرآباد میں آئندہ ایک ماہ کے دوران پیاز کی قیمتوں میں کسی بھی طرح کی کمی کے امکانات کو مسترد کیا جانے لگا ہے اور کہا جارہاہے کرناٹک‘ مہاراشٹرا کے علاوہ آندھراپردیش سے شہر حیدرآبا دکو پہنچنے والی پیاز میں 50 فیصد تک کی گراوٹ کے نتیجہ میں پیاز کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ شہر حیدرآباد کو یومیہ 50 ٹرک پیاز پہنچتی ہے لیکن حالیہ عرصہ میں مانسون کے دوران ناکافی بارشوں کے نتیجہ میں خراب ہونے والی فصلوں کو نتیجہ میں پیاز کی سربراہی میں قلت ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔شہر حیدرآباد کے بازاروں میں پہنچنے والی پیاز کی مقدار میں کمی کے سبب شہر میں یاز کی قیمتوں میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے بعد 60تا70 روپئے فی کیلو فروخت کی جانے لگی ہے ۔ٹھوک تاجرین کا کہناہے کہ آندھراپردیش‘ کرناٹک کے علاوہ مہاراشٹراسے دونوں شہروں میں یومیہ اساس پر پیاز پہنچتی ہے لیکن ملک بھر میں مانسون کی بارشوں میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے نتیجہ میں پیاز کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ ایک ٹرک میں 25 ٹن سے زیادہ پیاز پہنچتی ہے اور اس طرح عام دنوں میں یومیہ 50 ٹرک شہر پہنچا کرتے تھے لیکن گذشتہ چند یوم سے شہر حیدرآبادپہنچنے والے پیاز کے ٹرک کی تعداد نصف ہوکررہ گئی ہے ۔3/k/i
پیاز کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کے سبب شہر کی چھوٹی ہوٹلوں میں اشیائے تغذیہ کے ساتھ دیئے جانے والے پیازکے ’سلاد‘ سے پیاز غائب ہونے لگی ہے۔پیاز کے تاجرین کا کہناہے کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران پیاز کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے یا اضافہ کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں پیاز 70 روپئے کیلو سے زیادہ پہنچ سکتی ہے کیونکہ فی الحال معیاری پیاز شہر میں 60تا70 روپئے فی کیلو فروخت کی جارہی ہے۔3