سڈنی: شمالی امریکہ کے مغربی ساحلوں پر ایک بڑی مچھلی پائی جاتی ہے جسے’لِنگ کوڈ‘ کہتے ہیں جس کی کل پانچ مختلف اقسام ہیں۔ چار لِنگ کوڈ کی رنگت اور اندرونی گوشت معمول کی رنگت والی ہوتی ہے۔ یعنی مچھلی باہر سے بھوری یا کتھئی مائل سرمئی ہوتی ہے جبکہ گوشت سفیدی مائل سرخ ہوتا ہے لیکن ایک قسم اندر اور باہر سے گہری نیلی رنگت رکھتی ہے۔پانی کی گہرائی میں پائی جانے والی لِنگ کوڈ اپنے ذائقے کیوجہ سے بہت مشہور ہے۔ چھوٹے جانوروں کو شکار کرنے والی یہ مچھلی ہر اس جانور کو ہڑپ کرجاتی ہے جو اس کے منہ میں سما سکے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی لمبائی 152 سینٹی میٹر تک جا پہنچتی ہے۔ تاہم اس کی ایک قسم کی رنگت شوخ نیلی ہوتی ہے اور اس کا گوشت بھی اسی رنگ کا ہوتا ہے۔ یہ معمہ اب تک سائنسداں حل نہیں کرسکے ہیں۔