چندرابابو نائیڈو کی صدرجمہوریہ رامناتھ کووند سے ملاقات

   

آندھراپردیش میں صدر راج کے نفاذ اور ڈی جی پی کی بازطلبی کا مطالبہ
ڈرگس کے پھیلاؤ اور دستوری اداروں پر حملے کی شکایت
حیدرآباد25 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے سابق چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی زیرقیادت تلگودیشم قائدین کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ آندھراپردیش کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات حاصل کریں گے۔ اُنھوں نے برسر اقتدار پارٹی کی جانب سے اپوزیشن کے خلاف کارروائیوں اور ریاست میں ڈرگس کے پھیلاؤ کے معاملہ میں ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدرجمہوریہ نے تلگودیشم قائدین کو بغور سماعت کیا اور آندھراپردیش سے متعلق بعض اُمور سے متعلق تفصیلات دریافت کیں۔ صدرجمہوریہ نے امراوتی دارالحکومت کے بارے میں سوال کیا جس پر چندرابابو نائیڈو نے بتایا کہ جگن موہن ریڈی حکومت نے امراوتی کو تباہ کردیا ہے۔ صدرجمہوریہ کو راجمندری مقدمہ کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ حکومت نے اِس معاملہ میں صدرجمہوریہ کے احکامات کو نظرانداز کردیا ہے۔ پارٹی ارکان پارلیمنٹ اور سینئر قائدین کے ہمراہ ملاقات کے دوران چندرابابو نائیڈو نے آندھراپردیش میں صدر راج کے نفاذ اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کی بازطلبی کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش ملک میں گانجہ، ڈرگس اور دیگر منشیات کا مرکز بن چکا ہے۔ برسر اقتدار پارٹی کے قائدین اِس کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی سرپرستی میں ڈرگس سرگرمیاں جاری ہیں اور برسر اقتدار پارٹی کے قائدین بھاری آمدنی حاصل کررہے ہیں۔ اُنھوں نے ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال اور قانونی و دستوری اداروں پر حملوں کے واقعات کا ذکر کیا۔ چندرابابو نائیڈو نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے ججس کے خلاف سوشل میڈیا میں مواد اپ لوڈ کیا گیا۔ پبلک سرویس کمیشن اور قانون ساز کونسل کے صدورنشین کے خلاف بھی الزام تراشی کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں جمہوریت اور دستور کو پامال کردیا گیا ہے لہذا فوری طور پر صدر راج نافذ کیا جائے۔ اُنھوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو پولیس کی بازطلبی کی مانگ کی اور کہاکہ ڈی جی پی حکومت کے اشارے پر اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کام کررہے ہیں۔ نائیڈو نے بتایا کہ ریاست کے ایجنسی علاقوں میں 25 ہزار ایکر اراضی پر گانجے کی کاشت کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلگودیشم پارٹی نے کبھی بھی دستور کی دفعہ 356 پر عمل آوری کی تائید نہیں کی لیکن آندھراپردیش کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پہلی مرتبہ وہ 356 کے نفاذ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ آندھراپردیش کی صورتحال پر صدرجمہوریہ کو 8 صفحات پر مشتمل یادداشت پیش کی گئی۔ تلگودیشم کے ہیڈکوارٹر، قائدین کے مکانات پر حملوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے چندرابابو نائیڈو نے شکایت کی کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس فون پر بات کرنے کیلئے بھی تیار نہیں ہیں۔ ر