2خواتین بھی شامل۔ چندرابابو نے ورثا کیلئے فی کس 10لاکھ کا اعلان کیا
حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو کے روڈ شو میں بھگدڑ کی وجہ سے 8 افراد ہلاک ہوگئے۔مہلوکین میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔یہ حادثہ آندھرا پردیش کے ضلع نیلور کے نندکورو ولیج میں آج اس وقت پیش آیا جب چندرا بابو نائیڈو نے ’’ ادیم کرما ‘‘ پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر روڈ شو کا انعقاد کیا تھا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں ٹی ڈی پی کارکن اور عوام نے شرکت کی تھی۔ نالہ کا سلاب اچانک منہدم ہوجانے کے نتیجہ میں ٹی ڈی پی کارکن نالہ میں گر پڑے۔ اس حادثہ کے بعد روڈ شو کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجہ میں دیگر افراد بھی شدید زخمی ہوگئے۔ روڈ شو میں موجود نارا چندرا بابو نائیڈو نے اس حادثہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور پارٹی قائدین کی مدد سے زخمیوں کو قریب کے دواخانہ میں منتقل کیااور زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے پر زوردیا۔ بعد ازاں مہلوکین کے افراد خاندان کو فی کس 10 لاکھ روپئے کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش کی وائی ایس آر سی پی حکومت کے خلاف نارا چندرا بابو نائیڈو نے ’ ادیم کرما ‘مہم شروع کردی ہے جس میں آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں میں روڈ شو اور عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔45 دن کے اس خصوصی پروگرام میں آندھرا پردیش کی عوام دشمن پالیسیوں اور چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اندرون 45 دن خصوصی مہم کے تحت عوام میں شعور بیدار کرنے کا عہد کیاگیا ہے۔ اس پروگرام میں ٹی ڈی پی کارکنوں کے علاوہ عوام کی بھی کثیر تعداد شریک ہورہی ہے۔ نیلور پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ب