چندرا بابو نائیڈو حادثہ میں بال بال بچ گئے

   

چوکس سیکوریٹی نے اسٹیج سے گرنے سے بچالیا
حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو آج مشرقی گوداوری ضلع کے راجمندری میں اس وقت ناگہانی حادثہ سے بچ گئے جب کارکنوں کے ہجوم کی اچانک دھکم پیل سے اسٹیج پر بھگدڑ مچ گئی۔ چندرا بابو نائیڈو جو راجمندری کے دورہ پر ہیں، وہاں استقبال کیلئے ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکن اور ان کے حامی جمع ہوگئے۔ اسٹیج پر گلدستہ اور شال پیش کرنے کیلئے کارکنوں کا ہجوم امنڈ پڑا ۔ اسی دوران اسٹیج پر ہلکی سی بھگدڑ مچ گئی اور دھکم پیل میں چندرا بابو نائیڈو بے قابو ہوکر اسٹیج کے آخری حصہ میں پہنچ گئے۔ سیکوریٹی حکام نے انہیں فوری سہارا دے کر روک دیا ورنہ وہ اسٹیج سے نیچے گر پڑتے۔ سیکوریٹی حکام کی بروقت چوکسی کے نتیجہ میں چندرا بابو نائیڈو حادثہ سے بچ گئے۔ بعد میں سیکوریٹی حکام نے اسٹیج سے کارکنوں کو ہٹادیا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چندرا بابو نائیڈو تقریر کے بعد اسٹیج سے نیچے اتر رہے تھے ۔ کارکنوں کی جلد بازی اور دھکم پیل پر نائیڈو نے برہمی ظاہر کی ۔ 1