چندرا بابو نائیڈو کو عدالت سے راحت، تین مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور

   

حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کو آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں اس وقت بڑی راحت ملی جب عدالت نے تین علحدہ مقدمات میں ان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔ آندھرا پردیش حکومت نے انر رنگ روڈ، شراب اور ریت اسکام سے متعلق معاملات میں چندرا بابو نائیڈو کیخلاف مقدمات درج کئے تھے۔ آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے بیک وقت تینوں مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے بڑی راحت دی ہے۔ شراب اسکام میں ملزمین کے طور پر موجود سابق وزراء کے رویندرا، وشران اور آئی اے ایس عہدیدار سری نریش کو بھی عدالت نے ضمانت منظور کی۔ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے سینئر قانون داں سدھارتھ لوتر، بی سرینواس اور پی وینکٹیشورلو نے دلائل پیش کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ سیاسی انتقامی کارروائی کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ جسٹس جی ملکارجن راؤ نے فریقین کی سماعت کے بعد ایک لاکھ روپئے شوریٹی کی بنیاد پر ضمانت کو منظوری دی۔ عدالت نے سی آئی ڈی کو ہدایت دی کہ تحقیقات کے سلسلہ میں ملزمین کو48 گھنٹے قبل نوٹس دی جائے۔ چندرا بابو نائیڈو نے تین ہفتے قبل درخواست داخل کرتے ہوئے ضمانت کی اپیل کی تھی۔ دلائل کی عدم تکمیل کے نتیجہ میں فیصلہ میں تاخیر ہوئی۔1