چند غلطیوں سے بی آر ایس کو شکست : کے ٹی آر

   

لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو کامیاب بنانے کیڈر کمربستہ ہوجائے
حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ چند غلطیوں کی وجہ سے بی آر ایس کو اسمبلی انتخابات میں شکست ہوئی ہے۔ تلنگانہ بھون میں آج حلقہ لوک سبھا ورنگل بی آر ایس قائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ہماری غلطیوں سے بی آر ایس کو نقصان ہوا ہے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل اگر اس طرح مل بیٹھ کر بات کرتے اور مسائل کا جائزہ لیتے تو صورتحال دوسری ہوتی۔ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پارٹی کے اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں جس میں پارٹی قائدین کی جانب سے بہت اہم معلومات فراہم کی جارہی ہیں جس کو وہ نوٹ کررہے ہیں۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ کو سارے ملک میں مثالی ترقی دی گئی۔ ڈھیر ساری فلاحی اسکیمات کو نہ صرف متعارف کرایا گیا بلکہ اس پر کامیاب طریقہ سے عمل آوری کی گئی۔ بی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے عوام پوری طرح مطمئن تھے ہماری ہی چند غلطیوں کی وجہ سے پارٹی کو نقصان پہنچا ہے۔ ریاست میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد تلنگانہ پھر ایک مرتبہ دہلی کے کنٹرول میں چلے گیا ہے، ہمارا تلنگانہ کو ہمارے کنٹرول میں رکھنے کا دوبارہ وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ لوک سبھا انتخابات کو وقار کا مسئلہ بناتے ہوئے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے تب ہی بی آر ایس زیادہ سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ کانگریس نے انتخابات میں جو وعدے کئے تھے اس کو پورا کرنے میں وہ ناکام ہوگئی ہے۔ ایک ماہ میں کانگریس حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اضلاع کی تشکیل کو منسوخ کرنے کی بات کررہے ہیں ایسا کوئی کام کیاگیا تو عوام ہرگز خاموش نہیں رہیں گے۔2