چھگیارنٹی کا سوال کرنے پر 6 مقدمات درج کئے جارہے ہیں : کے ٹی آر

   

مقامی اداروں کے انتخابات میں بی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ 6 گیارنٹی کے وعدوں پر عمل نہ کرنے کی حکومت سے وجہ طلب کرنے پر 6 جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے وہ ہرگز خوفزدہ نہیں ہے۔ عوامی مفادات کی خاطر آخری سانس تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔ سرسلہ کے تلنگانہ بھون میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں خد سے زیادہ خوداعتمادی سے بی آر ایس پارٹی کو نقصان پہنچا ہے۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں اس طرح کی غلطی دوبارہ دہرائی نہیں جائے گی۔ کامیابی کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کیا جائے گا۔ چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ پارٹی کا کیڈر ہی پارٹی کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ ریاست میں کانگریس حکومت کے 13 ماہ مکمل ہوچکے ہیں۔ 6 گیارنٹی 100 دن میں مکمل کرنے کا وعدہ کیا گیا جھوٹے وعدوں کے ذریعہ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی گئی۔ کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ ریاست کے عوام بی آر ایس حکومت اور سابق چیف منسٹر کے سی آر کو شدت سے یاد کررہے ہیں۔ کانگریس کو ووٹ دیکر کامیاب بنانے پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔ حکومت کے خلاف لہر چل رہی ہے۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں بی آر ایس پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ بی آر ایس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں عوام کے فیصلے کو قبول کرلیا ہے اور پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے اس پر بھی حکومت اور چیف منسٹر کو اعتراض ہے۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی یاد دلائی جارہی ہے تو ان کے علاوہ بی آر ایس کے دوسرے قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات میں کانگریس کو 8 اور بی جے پی کو 8 حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی مگر مرکز سے تلنگانہ کو ابھی تک کوئی نئی اسکیم، پراجکٹ یا فنڈز حاصل نہیں ہوئے اور نہ ہی کوئی قومی تعلیمی ادارے حاصل ہوئے۔ 2
دونوں قومی جماعتیں کانگریس اور بی جے پی ایک دوسرے سے خفیہ اتحاد کرتے ہوئے علاقائی جماعت بی آر ایس کے خلاف سازش کررہی ہیں۔2