چیف منسٹر نے شہر میں 49 سڑکوں کی تعمیرات و توسیع کا جائزہ لیا

   

مستقبل کی ضروریات اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک مسائل کو حل کرنے عہدیداروں کو حکم
حیدرآباد ۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے شہر حیدرآباد میں عوامی ضروریات کے مطابق لنک روڈس تعمیر کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ تیزی سے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں حیدرآباد روڈس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی نگرانی میں کئے جانے والے کاموں کا (آئی سی سی) میں چیف منسٹر نے ہفتہ کو جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر 49 سڑکوں کی تعمیرات، توسیع کیلئے کئی تجاویز پیش کئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مختلف علاقوں کے درمیان رابطے بڑھانے اور لوگوں کو بغیر کسی پریشانی کے سفر کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کرنے کا حکم دیا۔ چیف منسٹر نے اس عمل میں وسیع تر عوامی مفادات کو مدنظر رکھنے پر زور دیا اور ساتھ ہی لنک روڈس کی تعمیرات، موجودہ سڑکوں کی توسیع کے معاملے میں مستقبل کی ضروریات کو ذہن میں رکھنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ان سڑکوں کی تعمیرات اور توسیع کے بعد ٹریفک کے جو بھی مسائل ہیں، انہیں بڑی حد تک دور کرنے اور ان کے سفری وقت میں کمی کرنے کے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ان کاموں کیلئے حصولی اراضیات کی ضروریات ہو تو اس میں بھی ہچکچاہٹ نہ کرنے کی ہدایت دی۔ اس جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر و ایم نریندر ریڈی، حکومت کے مشیر سرینواس راجو، چیف سکریٹری شانتی کماری، اسپیشل پرنسپل سکریٹری وی شیشادری، چندرشیکھر ریڈی چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی ایچ ایم ڈی اے کمشنر سرفراز احمد، محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری داناکشور کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔2