اروند کجریوال سے آج ملاقات، دہلی میں تین دن قیام کے دوران ریٹائرڈ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے
حیدرآباد۔28 ۔ فروری (سیاست نیوز) قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف محاذ کی تیاری کی سرگرمیوں کے تحت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج رات نئی دہلی روانہ ہوگئے۔ بجٹ سیشن کے انعقاد کے بارے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد چیف منسٹر خصوصی طیارہ سے نئی دہلی روانہ ہوگئے، ان کے ہمراہ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور بعض قائدین بھی دہلی روانہ ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے تیسرے محاذ کے لئے قومی اور علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ربط قائم کیا ہے۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر تین دن تک نئی دہلی میں قیام کریں گے اور منگل کے دن چیف منسٹر نئی دہلی اروند کجریوال سے ان کی ملاقات ہوگی۔ نئی دہلی میں قیام کے دوران قومی اور علاقائی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس طلب کرنے کا منصوبہ ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں سے بھی چیف منسٹر ملک کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بی جے پی مکت بھارت کے نعرہ کے تحت کے سی آر نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ ممتا بنرجی ، ایم کے اسٹالن ، ادھو ٹھاکرے ، شرد پوار ، دیوے گوڑہ اور دیگر قائدین سے کے سی آر ربط میں ہیں۔ بائیں بازو جماعتوں کے قائدین سے نئی دہلی میں ملاقات کا امکان ہے۔ تیسری محاذ کی تشکیل میں کے سی آر نے انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور اور فلم اسٹار پرکاش راج کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ان دونوں نے گزشتہ دنوں ریاست کا دورہ کیا اور چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ گجویل کے علاوہ کالیشورم پراجکٹ اور ملنا ساگر ذخیرہ آب کا معائنہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے نئی دہلی کے دورہ کے پیش نظر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کو مارچ کے پہلے ہفتہ میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کی دہلی روانگی کے ساتھ ہی مخالف بی جے پی قومی محاذ کی تیاریاں نئی دہلی منتقل ہوچکی ہیں۔ ر