چینی سیاحوں کی سعودی عرب کے سفر کو ترجیح

   

بیجنگ ؍ ریاض: چینی سیاحوں کی مملکت کے سفر میں دلچسپی بڑھنے لگی۔ گزشتہ برس 2023 میں آئے چینی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ میڈیا کے مطابق سعودی محکمہ سیاحت نے گزشتہ برس 13 سے 17 مارچ کے دوران چین میں مملکت کی سیاحت کے حوالے سے تعارفی نمائش کا انعقاد کیا تھا جس کے بعد چینی سیاحوں میں سعودی عرب آنے کے رجحان میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ٹریول پلیٹ فارمز کے اعدادوشمار کے مطابق 2019 کے مقابلے میں 2023 میں چینی سیاحوں کے تناسب میں 800 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔چینی شہری ماضی میں امارات اور مراکش کا سفر سب سے زیادہ کرتے تھے ، اب سعودی عرب میں انکی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کے اعداد وشمار کے مطابق 2023 میں مشرق وسطی وزٹ کرنے والے بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد 2019 کے مقابلہ میں 22 فیصد زیادہ ہوکر 86.3 ملین تک پہنچ گئی ہے۔