ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کا ہفتہ کوکانووکیشن

   

گورنر سوندرا راجن مہمان خصوصی، وائس چانسلر پروفیسر سیتا راما راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کا 24 واں کانووکیشن 6 اگست کو یونیورسٹی کیمپس جوبلی ہلز میں منعقد ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر کے سیتا راما راؤ نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کانوکیشن کا صبح 9 بجے آغاز ہوگا۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن جو یونیورسٹی کی چانسلر ہیں، بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی اور ایم فل اور پی ایچ ڈی کے علاوہ گولڈ میڈلس عطا کریں گی۔ پروفیسر آشا ایس کنور صدر و چیف اگزیکیٹیو آفیسر کامن ویلتھ آف لرننگ کینیڈا کانوکیشن خطبہ دیں گے۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ 2019-21 کے دوران 94206 امیدوار کانوکیشن میں ڈگری ، ڈپلوما اور سرٹیفکٹس کے حصول کے اہل قرار پائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 88817 انڈر گریجویٹ امیدوار ڈگریاں حاصل کریں گے جبکہ 7369 پوسٹ گریجویٹ ، ڈپلوما اور سرٹفیکٹس کے مستحق امیدواروں کو ڈگریاں اور ڈپلوما عطا کیا جائے گا۔ انڈر گریجویٹ میں بی اے ، بی کام اور بی ایس سی کی 44233 خاتون امیدوار ہیں جبکہ مرد امیدواروں کی تعداد 42583 ہے۔ جملہ 128 گولڈ میڈلس تقسیم کئے جائیں گے جن میں 43 انڈر گریجویٹ اور 85 پوسٹ گریجویٹ کورسس کے ہیں۔ یونیورسٹی نے گزشتہ 40 برسوں میں جملہ 544980 ڈگریاں عطا کی ہیں۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ گولڈ میڈل میں خواتین 87 اور مرد 41 ہیں۔ انڈر گریجویٹ میں خواتین نے 35 اور مرد امیدواروں نے 8 گولڈ میڈل حاصل کی جبکہ پوسٹ گریجویشن میں خواتین کو 52 اور مرد امیدواروں کو 33 گولڈ میڈلس کا مستحق قرار دیا گیا ہے۔ تین قیدیوں کو کتابوں کا تحفہ دیا جائے گا ۔ وائس چانسلر کے مطابق جملہ 282 قیدیوں کو ڈگری دی جائے گی جن میں 261 مرد اور 21 خواتین شامل ہیں۔ بی پربھاکر ، کے لکشمی ریڈی اور شیخ اظہرالدین کو کتابوں کا تحفہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران مختلف یونیورسٹیز اور اداروں کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے ہیں۔ 20 ریسرچ اسکالرس کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری عطا کی جائے گی ۔ پریس کانفرنس میں رجسٹرار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر