ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ پسماندہ طبقات کو الاٹ کیا جائے: ہریش راؤ

   

حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) سابق وزیر ہریش راؤ نے کانگریس پارٹی سے بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائد کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرنے کا مطالبہ کیا۔ سدی پیٹ میں بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت نے پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر دور حکومت میں پسماندہ طبقات میں یادو طبقہ کو مناسب نمائندگی دی گئی تھی لیکن کانگریس کابینہ میں یادو طبقہ کی نمائندگی نہیں ہے۔ بی سی طبقات کیلئے کاماریڈی میں ڈیکلریشن جاری کیا گیا تھا جس میں 42 فیصد تحفظات کا تیقن تھا لیکن آج تک وعدہ پر عمل نہیں کیا گیا۔ ہریش راؤ نے بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے بعد مجالس مقامی کے انتخابات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کو صفر الاٹمنٹ کا کانگریس قائدین الزام عائد کررہے ہیں لیکن نئی دہلی کے انتخابات میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حصہ لینے کے نتیجہ میں کانگریس کی نشستیں صفر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے چیف منسٹر کو ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ کے سی آر دور حکومت میں تلنگانہ کے وقار کو بلند رکھا گیا تھا لیکن کانگریس ہائی کمان تلنگانہ اور اس کے قائدین کو کوئی اہمیت نہیں دیتی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری ادھوری ہے اور محض تشہیر کیلئے چند ایک استفادہ کنندگان کو اسکیمات میں شامل کیا گیا ہے۔1