کئی پاکستانی صحافیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر ہندوستان کا امتناع

   

سفارتی اداروں کے آفیشل اکاؤنٹس کیخلاف بھی کارروائی
نئی دہلی ؍ اسلام آباد : ہندوستان نے کئی پاکستانی سفارتی اداروں، جرنلسٹوں اور بعض ممتاز شخصیتوں کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹس پر پابندی عائد کردی ہے۔ اسلام آباد میں وزارت اُمور خارجہ نے دعویٰ کیاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 ء کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ جیو نیوز نے وزارت کے حوالہ سے کہاکہ ہندوستان کے اقدام پر دُکھ ہوا ہے۔ پیر کی رات وزارت نے ٹوئٹ کیاکہ حکومت ہند نے یہ کارروائی کی ہے۔ پابندی والے اکاؤنٹس میں اقوام متحدہ کے پاکستانی ایمبیسی، ترکی، ایران اور مصر میں بھی واقع پاکستانی سفارت خانوں کے افیشل اکاؤنٹس شامل ہیں۔ ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہندوستان نے مختلف افکار کی آوازوں کی تکثیریت کے لئے عدم رواداری کا بڑھتا رجحان تشویشناک ہے۔ پاکستانی وزارت نے ٹوئٹر پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کو رائج بین الاقوامی قواعد کی تعمیل کرنا چاہئے۔ وزارت نے کہاکہ حکومت پاکستان ٹیکنالوجی کمپنیوں سے اپیل کررہی ہے کہ پابندی والے اکاؤنٹس کی کارکردگی کو فوری بحال کیا جائے۔ اِس طرح اظہار خیال کی جمہوری آزادی کی تعمیل کو ی یقینی بنایا جاسکے گا۔