سماج میں کوئی بھی خوش نہیں، حکومت بدانتظامی اور ناکامی علامت
حیدرآباد14 اپریل (سیاست نیوز ) بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ پارٹی ان مقامات پر جلسہ عام کا انعقاد کرے گی جہاں ڈیکلریشن کے نام پر سماج کے مختلف طبقات کو کانگریس کی جانب سے دھوکہ دیا گیا تھا۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ تلنگانہ بھون میں ایک پروگرام میں کے ٹی آر نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پارٹی سربراہ کے سی آر نے امبیڈکر کے راستے پر چلتے ہوئے علیحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کی ۔ اس موقع پر ٹی ہریش راؤ کے علاوہ دوسرے قائدین بھی موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل کامیابی حاصل کرنے کانگریس نے ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کے علاوہ خواتین اور نوجوانوں کیلئے ڈیکلریشنس جاری کئے ۔ کانگریس حکومت کی نصف میعاد مکمل ہوچکی ہے۔ مگر ان میں سے کسی ایک ڈیکلریشن پر عمل نہ کرکے دھوکہ دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے بی آر ایس ایوانوں اور ایوانوں کے باہر آواز اٹھاکر حکومت پر دباؤ بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور اپنی جدوجہد میں شدت پیدا کرے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 20 اپریل کو پارٹی سربراہ کے چندر شیکھر راؤ جگتیال میں جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ 27 اپریل کو بی آر ایس کی یوم تاسیس کے بعد مئی اور جون میں کانگریس حکومت کے خلاف احتجاجی سرگرمیوں کو تیز کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنی مہم کا آغاز ایس سی، ایس ٹی طبقات کے مسائل سے کریگی اور ان علاقوں میں خصوصی اجلاس منعقد کرے گی جہاں کانگریس قائدین نے وعدے کئے تھے تاکہ عوام کو یاد دلایا جاسکے کہ ان سے وعدے پورے نہیں ہوئے۔ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’بد انتظامی اور ناکامی کی علامت‘ قرار دیا اور الزام لگایا کہ کانگریس نے پسماندہ طبقات کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ ریاست کے ایک ہزار اقامتی اسکولس میں حالات تشویشناک ہیں اور وہاں موت کی گھنٹی بج رہی ہے جو حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔/k/b 2؍F