کانگریس کو دشمنوں کی ضرورت نہیں:علوی

   

نئی دہلی،09اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینیئر رہنما راشد علوی نے پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کے استعفیٰ کے سلسلے میں پارٹی کے سینیئر رہنما سلمان خورشید پر ان کے بیانوں کی شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر بلاواسطہ طورپر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو دشمنوں کی ضرورت نہیں ہے ۔مسٹر علوی نے مسٹر خورشید کا نام لیے بغیر چہارشنبہ کے روز کہا کہ جب دو ریاستوں میں الیکشن ہونے کو ہیں اور ووٹنگ کی تاریخ محض دس دن دور ہو تو یہ پارٹی کی جیت کے لیے کام کرنے کا وقت ہے اور اس وقت اس طرح کا تبصرہ کرنا ٹھیک نہیں ہے ۔ پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کو پارٹی کی قیادت کے سلسلے میں اگر کسی طرح کی شکایت ہے تو انھیں یہ بات پارٹی کے اندر کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیان سے پارٹی کو نقصان ہوتا ہے اور اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ کانگریس کو دشمنوں کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب دیکھو پارٹی کا ہر دوسرا لیڈر الگ راگ الاپ رہا ہے ۔ یہ حد درجہ بد قسمتی ہے ۔ ‘اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے ’ والی صورتحال ہوگئی ہے ۔