کانگریس کے 420 وعدوں پر بی آر ایس نے کتابچہ جاری کیا ریونت ریڈی کا ایک ماہی دور حکومت مایوس کن ، کے ٹی آر کا الزام

   

حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس پارٹی نے کانگریس کے 420 وعدوں پر مشتمل کتابچہ جاری کرتے ہوئے جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ۔ پارلیمنٹ میں تلنگانہ کی گونج کے لیے لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کو اس کے وعدے یاد دلانے کے لیے ایک کتابچہ جاری کیا گیا ہے ۔ کبھی پورے نہ ہونے والے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس پارٹی اقتدار حاصل ہوتے ہی وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے خزانہ خالی ہونے سابق حکومت سرکاری خزانے کو خالی کردینے ریاست کو مقروض بنادینے کے الزامات عائد کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ مگر بی آر ایس پارٹی کانگریس حکومت کے خلاف وعدوں کی تکمیل کے لیے عوام کے ساتھ مل کر دباؤ بنائے گی ۔ تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرنے کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے لوک سبھا انتخابات کا نوٹیفیکشن جاری ہونے سے قبل 6 ضمانتوں کے علاوہ دوسرے وعدوں کو پورا کردینے کا کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس تلنگانہ عوام کی طاقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی اور کانگریس کے قائد راہول گاندھی کو تلنگانہ سے کوئی ہمدردی نہیں ہے اور نہ ہی وہ کبھی تلنگانہ کے مسائل کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنائیں گے ۔ صرف بی آر ایس پارٹی ہی تلنگانہ کے مسائل کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنائے گی ۔ لہذا مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی کو سبق سکھانے کی عوام سے اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس الیکشن میں ہاری ضرور ہے مگر عوام کے دلوں پر آج بھی راج کرتی ہے ۔ کانگریس کا ایک ماہی دور اقتدار مایوس کن ہے اور اس کو اطمینان بخش ہرگز قرار دیا نہیں جاسکتا کیوں کہ حکومت نے عوام سے کئے گئے کوئی بھی وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا ۔ بی آر ایس ہرگز خاموش نہیں رہے گی ۔ بڑے پیمانے پر عوامی تحریک کا آغاز کرے گی ۔۔ 2