کانگریس ہائی کمان کو جانا ریڈی کا مکتوب

   

کابینہ میں رنگاریڈی کو نمائندگی کی درخواست
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ میں امکانی توسیع سے عین قبل مختلف طبقات اور گروپس کی جانب سے سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے تاکہ اُن کے ضلع یا طبقہ کو کابینہ میں نمائندگی حاصل ہوسکے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اُگادی کے موقع پر گورنر جشنودیو ورما سے ملاقات کے بعد کابینہ میں توسیع کی قیاس آرائیاں شدت اختیار کرچکی ہیں۔ اِسی دوران کانگریس کے سینئر لیڈر کے جانا ریڈی نے ہائی کمان کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے رنگاریڈی ضلع کو کابینہ میں نمائندگی دینے کی سفارش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال کو مکتوب میں جاناریڈی نے حیدرآباد اور رنگاریڈی کو کابینہ میں عدم نمائندگی کا حوالہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد اور رنگاریڈی ضلع کی کابینہ میں نمائندگی ضروری ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جاناریڈی کا تعلق متحدہ نلگنڈہ ضلع سے ہے لیکن وہ رنگاریڈی کے قائدین کی سفارش کررہے ہیں۔ رنگاریڈی ضلع کی نمائندگی کے سلسلہ میں پٹن چیرو کے رکن مال ریڈی رنگاریڈی کی دعویداری مضبوط بتائی جارہی ہے۔ رنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نئی دہلی روانہ ہوئے اور وہ راہول گاندھی سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ نظام آباد اور عادل آباد ضلع کو بھی کابینہ میں نمائندگی حاصل نہیں ہے اور دونوں اضلاع سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ اسی دوران متحدہ رنگاریڈی ضلع کے کانگریس ارکان اسمبلی نے نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات کی۔ مال ریڈی رنگاریڈی اور دیگر ارکان اسمبلی نے جانا ریڈی کا مکتوب حوالہ کیا ۔ 1