بنڈی سنجے اور ایٹالہ راجندر نئی دہلی پہنچ گئے، بی جے پی میں شمولیت کا فارمولہ طئے ہوگا
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کیلئے ہائی کمان نے دیگر پارٹیوں کے قائدین کی شمولیت پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اس مسئلہ پر ہائی کمان سے بات چیت کیلئے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے اور رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نئی دہلی پہنچ گئے۔ ایٹالہ راجندر دیگر پارٹیوں سے بی جے پی میں شمولیت کیلئے قائم کردہ کمیٹی کے صدر نشین ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان کی طلبی پر یہ قائدین نئی دہلی پہنچے ہیں۔ تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور بی آر ایس قائدین کی ناراضگی پر تفصیلات حاصل کی گئیں۔ بی آر ایس سے معطل کئے گئے سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ اور سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی کو بی جے پی میں شامل کرنے کی مساعی جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی قیادت نے مذکورہ دونوں قائدین سے ربط قائم کیا ہے۔ ان کے اضلاع میں اہم ذمہ داریوں کا پیشکش کیا گیا تاہم دونوں قائدین نے کوئی جواب نہیں دیا۔ جس کے بعد ہائی کمان سے منظوری حاصل کرنے کیلئے بنڈی سنجے اور راجندر نئی دہلی پہنچے۔ بتایا جاتا ہے کہ کرشنا راؤ اور سرینواس ریڈی بعض کانگریس قائدین سے بھی ربط میں ہیں اور انہوں نے بی جے پی اور کانگریس میں سے ابھی تک کسی ایک کا انتخاب نہیں کیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ بی جے پی انہیں شامل کرانے کیلئے کیا پیشکش کرے گی۔ بعض گوشوں نے ناراض قائدین کی جانب سے نئی سیاسی پارٹی کے قیام کی پیش قیاسی کی ہے۔ر