سری نگر: مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق اتوارکے روز مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج نے پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق فوج نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔دفاعی ذرائع نے ایل او سی کے نزدیک جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فورسز کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔بتادیں کہ راجوری کے کالاکوٹ سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم میں پانچ فوجی جوانوں کی ہلاکت کے بعد راجوری اور پونچھ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔پونچھ اور راجوری میں ایل او سی کے نزدیک سیکورٹی فورسز کی چوکسی بڑھائی گئی ہے جبکہ مقامی لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ مشکوک افراد کی نقل وحمل کے بارے میں فوری طور پر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کیا جائے ۔یہ بھی یاد رہے کہ پولیس سربراہ آر آر سوئن اور سولہ کارپس کمانڈر نے ہفتے کے روز راجوری اور پونچھ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔