کشمیر میں سنیما کی واپسی کیلئے مقامی سنیما کو فروغ دینے کی ضرورت:گل جاوید

   

سری نگر: معروف کشمیری فلم ساز گل جاوید کا ماننا ہے کہ کشمیر میں سنیما کی بحالی کے لئے مقامی سنیما کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے لانچ کی گئی فلم پالیسی کی سراہنا کرتے ہوئے کہ اس پالیسی سے مقامی اداکاروں، فلم سازوں اور پیش کارں کو ہی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اس سے یہاں کے سیاحتی شعبے میں بھی مزید چار چاند لگ جائیں گے ۔موصوف نے حکومت سے مقامی سنیما کو بھر پور مدد فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فلم سازوں کو فلم ریلیز کرنے کے لئے سری نگر میں ہی نہیں بلکہ ہر ضلع میں ایک ہال فراہم کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ہفتہ وار خصوصی ویڈیو پروگرام ’سکون’ میں کیا۔اپنے کیرئر کے ابتدائی دور کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘میں نے آج سے 25 برس قبل ایک ادا کار کی حیثیت سے کام کرنا شروع کیا تھا اور اس کے بعد میں نے اسسٹننٹ پروڈیوسر کی حیثیت سے کام کرنا شروع کیا اور رفتہ رفتہ فلم سازی کے لئے تمام بنیادی چیزیں سیکھیں’۔انہوں نے کہا کہ میں نے متعدد سیریل بنائے اور مجھے کئی بین اعزازات سے بھی سرفراز کیا گیا لیکن سیریل ’گل بکاؤلی’ میری شہرت کا باعث بن گیا۔