کل ہند صنعتی نمائش کا کامیاب انعقاد، حکومت کی بھرپور مدد

   

20 لاکھ افراد نے نمائش کا مشاہدہ کیا ، تقسیم انعامات تقریب سے وزیر داخلہ جناب محمود علی کا خطاب
حیدرآباد13 فروری (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے 82 ویں کل ہند صنعتی نمائش کے کامیاب انعقاد پر نمائش سوسائٹی کے ذمہ داروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں کورونا اور دیگر حالات کے سبب نمائش میں شریک تاجرین کو خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا لیکن اس بار نمائش غیر معمولی کامیاب رہی اور لاکھوں افراد نے نہ صرف مشاہدہ کیا بلکہ شاپنگ کی۔ وزیر داخلہ محمود علی آج نمائش میدان پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک بھر میں حیدرآباد کی کل ہند صنعتی نمائش غیر معمولی مقبولیت رکھتی ہے۔ نظام دور حکومت میں نمائش کا آغاز ہوا تھا اور آج یہ نمائش تلنگانہ کی تہذیب کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں کورونا کی صورتحال کے سبب نمائش پر اثر پڑا تھا۔ اس مرتبہ مقررہ وقت پر نمائش مکمل شروع ہوئی اور کامیابی سے اختتام پذیر ہورہی ہے۔ نمائش سوسائٹی کے صدر وزیر فینانس ہریش راؤ کی ستائش کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ اسٹال ہولڈرس کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ہندوستان کے مختلف علاقوں سے تاجر شریک ہیں۔ انہوں نے موثر پولیس انتظامات پر کمشنر سی وی آنند کو مبارکباد پیش کی۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ پولیس ملک میں نمبر ون اور فرینڈلی پولیس کی حیثیت سے شہرت رکھتی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پولیس کو عصری بنانے مناسب بجٹ مختص کیا ہے۔ اعزازی سکریٹری نمائش سوسائٹی سائی ناتھ دیاکر شاستری نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس سال تقریباً 20 لاکھ افراد نے نمائش میں شرکت کی۔ 46 دن کی نمائش سے ہونے والی آمدنی 19 تعلیمی اداروں اور ایل این گپتا ڈسپنسری کی سرگرمیوں پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 2000 اسٹال لگائے گئے تھے جن میں کشمیر ، مغربی بنگال ، اڈیشہ ، گجرات ، کیرالا ، کرناٹک ، ٹاملناڈو ، آندھراپردیش اور شمال مشرقی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے تاجر شریک ہوئے۔ نائب صدر اشون مارگم ، جوائنٹ سکریٹری بی سریندر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے مختلف زمروں میں کامیابی حاصل کرنے والے اسٹال ہولڈرس میں انعامات تقسیم کئے۔ر